جے کے بنک میں پی اوز کی تقرری کا معا ملہ -  انجینئر رشید کاامیدواروں کے تحفظات دور کرنے کا گورنر سے مطالبہ

سرینگر /سی این ایس
 اے آئی پی سربراہ انجینئر رشید نے راج بھون میں گورنر شری ستپال ملک سے ملاقات کرکے جموں کشمیر بنک میں پی اوز کی تعیناتی کو لیکر امیدواروں کے جائز خدشات دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دہرایا کہ امیدواروں کی شکایت بالکل جائز ہے ۔ انجینئر رشید نے گورنر موصوف سے کہا کہ اب جبکہ بھرتی عمل مکمل ہونے کو ہے اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی انصاف کے بنیادی تقاضوں اور سپریم کورٹ کی رولنگ کے خلاف ہے ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ متعلقہ معاملے کو جموں بمقابلہ کشمیر کے زاوئے سے دیکھنے کے بجائے انصاف کے اصولوں کی نظر سے دیکھا جائے ۔ انجینئر رشید نے گورنر موصوف سے مطالبہ کیا کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے کیونکہ پوری وادی میں سڑکوں کی خستہ حالی ، پانی اور بجلی کی عدم دستیابی ، اسکولوں اور اسپتالوں میں عملہ کی کمی کی وجہ سے لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہیں ۔ انجینئر رشید نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ افسران کو اُن کے ہیڈ کوارٹرس پر چوبیس گھنٹے بیٹھنے کے سرکیولر پر فوری عمل کو یقینی بنانا چاہئے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔ انجینئر رشید نے گورنر موصوف کی توجہ ریاست اور ریاست کے باہر قیدیوں کی حالت زار کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کی کہ سرکار قیدی کے حقو ق کا پاس کرے ۔ گورنر موصوف نے انجینئر رشید کو یقین دلایا کہ سرکار کسی بھی جگہ 70برس سے زیادہ کی عمر کے قیدیوں کو اُن کے آبائی اضلاع میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ انجینئر رشید نے بانڈی پورہ واقعہ کی شنوائی کیلئے فاسٹ ٹریک عدالت کے قیام کو دہراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معاملے کو جلد از جلد مقررہ وقت میں نپٹایا جائے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں