شمال و جنوب میں شبانہ جنگجو مخالف آپریشن جاری، شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام اور کریری بارہ مولہ میں گھر گھر تلاشی کارروائیاں

سرینگر/یو پی آئی / شمال و جنوب میں جنگجو مخالف آپریشنز کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے۔ جنوبی اور شمالی کشمیر کے کئی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے شبانہ جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔  سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری رکھتے ہوئے سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ، شوپیاں اور کولگام اضلاع کے کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران گھر گھر تلاشی لی گئی جبکہ مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک بھی کئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی سیکورٹی فورسز نے شمال و جنوب میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں شدت لائی ہے ۔ فوج کے ایک آفیسر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی حکمت عملی کے تحت سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر شمال و جنوب میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا ۔ مذکورہ آفیسر کے مطابق پچھلے پندرہ دنوں سے سیکورٹی فورسز کو کئی کامیابیاں ملی ہیں جبکہ عسکریت پسند تنظیموں میں حوصل شکنی بھی پائی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی اور جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف آنے والے دنوں کے دوران آپریشن مزید وسیع کیا جارہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی الیکشن کو پُر امن اور خوشگوار ماحول میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ ادھرسہ پہر کے بعد سیکورٹی فورسز نے بارہ مولہ کے سالوسہ کریری علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ ذرائع کے مطابق 52آر آر، 176بٹالین سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے تک سالوسہ کریری علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور گھر گھر تلاشی کارورائی شروع کی۔ ذرائع کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فورسز نے گائوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں