دھونی وراٹ کوہلی کے ساتھ منصوبے بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں

ممبئی/ کرکٹ ٹیم انڈیا کے کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ 2011ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہو رہے ورلڈ کپ میں بے حد اہم اور بڑا رول ہو گا۔ شاستری نے ہندوستان ٹیم کے انگلینڈ روانہ ہونے کے موقع پر یہاں منگل کو کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہاکہ دھونی کے ٹیم میں ہونے سے نہ صرف گیند بازوں اور دیگر کھلاڑیوں کو مدد ملتی ہے بلکہ موجودہ کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ منصوبے بنانے میں بھی وہ بے حد اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اسٹمپنگ اور فنیشر کی اننگز کےلئے مشہور دھونی ورلڈ کپ 2019میں ہمارے لیے سب سے اہم ہوں گے ۔کوچ نے کہا کہ دھونی اور وراٹ کے درمیان شاندار تال میل ہے ۔ انہوں نے کہا، "دھونی کا ٹیم میں کافی بڑا کردار ہے ۔وراٹ اور ان کا تال میل لاجواب ہے ۔ وکٹ کیپر کے طور پر کسی بھی ٹیم میں ان سے بہتر وکٹ کیپر کوئی نہیں ہے ’’۔دھونی کا یہ چوتھا اور آخری عالمی کپ ہوگا۔ سرکردہ کھلاڑی دھونی ٹورنامنٹ میں واحد ایسے کھلاڑی کے طور پر اتریں گے جنہوں نے 300 سے زائد میچ کھیلے ہیں۔ دھونی اب تک ہندوستان کی جانب سے 338 ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 50 کے اوسط سے 10،500 رنز بنائے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر انڈین پریمیئر لیگ کے 12 ویں ایڈیشن میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور شائقین کو امید ہے کہ وہ اپنی اس شاندار فارم کو عالمی کپ میں بھی دوھرائیں گے ۔دھونی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے 2007 ٹی -20 ورلڈ کپ، 2011 ون ڈے ورلڈ کپ اور 2013 میں چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
 شاستری کے علاوہ کرکٹ کی دنیا کے کئی کھلاڑیوں نے دھونی کی ورلڈ کپ میں کردار کو بے حد اہم قراردیا ہے ۔ورلڈ کپ 30 مئی سے انگلینڈ اور ویلز میں شروع ہو جائے گا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں