جنوبی کشمیر میں شبانہ جنگجو مخالف آپریشن میں تیز ی، اننت ناگ اور کولگام میں رات دیر گئے تک تلاشی آپریشن چلایا گیا

سرینگر //یو پی آئی //جنوبی کشمیر میں شبانہ جنگجو مخالف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے نائنہ سنگم اننت ناگ اور پہلگام کولگام میں دیر رات تک تلاشی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے ۔  عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 3آر آر اور ٹاسک فورس نے مشترکہ طورپر نائنہ سنگم اننت ناگ کے علاقے کورات دیر گئے اپنے محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کئی گھنٹوں تک علاقے کی تلاشی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد محاصرے کو ختم کیا گیا۔ دریں اثنا پہلوکولگام علاقے کو بھی رات دیر گئے سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی۔ نمائندے کے مطابق 9آر آر ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے پہلو کولگام علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ نمائندے نے بتایا کہ تلاشی کارروائی کے دوران گائوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی جس دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔ دفاعی ذرائع نے نائنہ سنگم اننت ناگ اور پہلو کولگام میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں عسکریت پسندوں پر دباو بنائے رکھنے کی خاطر تلاشی کارروائیاں جاری ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں