پلوامہ کے لیتر اور پانپور میں مکمل ہڑتال، جنوبی کشمیر میں ٹرین سروس مسلسل دوسرے روز بھی معطل

سرینگر/جے کے این ایس/    پلوامہ اور پانپور کے بعض علاقوں میں عسکریت پسندوں کی یاد میں مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی۔ جنوبی کشمیر میں مسلسل دوسرے روز بھی ٹرین سروس معطل رکھی گئی جس کے نتیجے میں مسافروں کو سخت مشکلا ت کا سامنا کرناپڑا۔ براو بندانا پلوامہ میں لشکر طیبہ کے دو عسکریت پسندوں کو جاں بحق کرنے کے خلاف پلوامہ کے لیتر اور پانپور کے کدل بل علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی ۔ نمائندے کے مطابق ہڑتال کے باعث سرکاری اور پرائیوت دفاتروں میں کوئی کام کاج نہیں ہوا ۔ معلوم ہوا ہے کہ صبح سے ہی نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کے گھر جا کر لواحقین کے ساتھ تعزیت پُرسی کی۔ نمائندے کے مطابق امکانی احتجاجی مظاہروں کو ٹالنے کیلئے پلوامہ اور پانپور میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا اور کسی کو بھی بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ۔ ادھر جنوبی کشمیر میں حکام نے سنیچر کو مسلسل دوسرے روز ٹرین سروس معطل رکھی ہے۔ جنوبی کشمیر سے گذرنے والی سرینگر۔بانہال ٹرین سروس کی یہ تازہ معطلی اونتی پورہ علاقے میں جمعہ کو دو جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کے پس منظر میں عمل میں آئی ہے۔تاہم حکام نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ سرینگر سے بارہمولہ تک ٹرین سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام احتیاط کے طور اٹھایا گیا ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں