جذبات سے نہیں، پروفیشنل انداز سے کھیلے :وراٹ

مانچسٹر/یو این آئی/ روایتی حریف پاکستان کو عالمی کپ میچ میں ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت 89رن کے بڑے فرق سے دھول چٹانے کے بعد ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ ٹیم نے اس مقابلے کو پورے پیشہ ورانہ انداز میں جیتا۔وراٹ نے کہاکہ پاکستان نے دو سال پہلے چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہمیں شکست دی تھی لیکن اس کے علاوہ ہم نے ان کے خلاف اچھی کارکردگی کی ہے ۔ اگر میچ میں آپ جذبات سے بھرے ہوں گے تو یہ آپ کو پریشان کرے گا۔ ہم کبھی بھی ایسے مقابلے کو شائق کے نقطہ نظر سے نہیں دیکھتے ۔ کرکٹ کھلاڑی ہونے کے ناطے ہماری توجہ صرف کارکردگی پر مرکوز ہوتی ہے ۔ ہندستانی کپتان نے اس مقابلے میں شاندار 140 رن بنانے والے اوپنر روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف بہترین بلے بازی سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ واقعی ون ڈے کے زبردست کھلاڑی ہیں۔ روہت کے سنچری کی بدولت ہندستان 50 اوور میں 336 رن کا مضبوط اسکور بنانے میں کامیاب رہا۔وراٹ نے کہاکہ عالمی کپ کے پہلے تین میچوں میں روہت نے بہترین بلے بازی کی ہے ۔ پہلے مقابلے میں انہوں نے اکیلے میچ جتوایا جبکہ دوسرے مقابلے میں ٹیم کی شراکت سے ہمیں کامیابی ملی اور پاکستان کے خلاف پھر روہت کا دن تھا۔ انہوں نے کہاکہ آپ کو 330 رنز سے زیادہ کا ہدف مقرر کرنے کے لئے پوری ٹیم کی شراکت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ لوکیش راہل نے روہت کے ساتھ اچھی شراکت کی۔ روہت جب 75 رنز بنا لیتے ہیں تو پھر انہیں روکنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کس طرح ایک شاندار ون ڈے کھلاڑی ہیں۔ دونوں کی شراکت کی بدولت ہی میں اپنا باقاعدہ گیم کھیل سکا اوراس شراکت کی وجہ سے ہی ہردک پانڈیا بھی تابڑ توڑ بلے بازی کر سکے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں