امارات کا تیل بردار جہاز ایران کے نزدیک سے ’غائب‘

سرینگر/16 جولائی / مانٹرنگ/ متحدہ عرب امارات کا ایک تیل بردار بحری جہاز آبنائے ہرمز سے غائب ہوگیا ہے۔ خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق عرب امارات کا ’ریاہ‘ نامی جہاز آخری بار آبنائے ہرمز سے ایرانی سمندر کی حدود میں جاتے دیکھا گیا تھا جس کے بعد اس کی لوکیشن ظاہر ہونا بند ہوگئی۔متحدہ عرب امارات کے تیل بردار جہاز کی لوکیشن آخری بار ہفتے کی رات 11 بجے ایرانی سمندر کی حدود سے موصول ہوئی تھی۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بحری جہاز کے ساتھ ہفتے کی رات کیا واقعہ پیش آیا۔ کیپٹن رنجیت راجہ جہازوں کا ڈیٹا مرتب کرنے والی ایک کمپنی سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئل ٹینکر نے پچھلے تین ماہ سے اپنی ٹریکنگ بند نہیں کی تھی۔ ان کے بقول کہیں نہ کہیں کچھ خطرہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کے حکام نے بحری جہاز کے غائب ہونے پر ابتدائی طور پر اپنا کوئی بھی موقف دینے سے انکار کیا ہے جب کہ ایرانی حکام کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ جہار کے مالک ادارے نے بتایا ہے کہ اس نے جہاز ’موج البحر‘ نامی کمپنی کو فروخت کردیا ہے۔ لیکن جب اس کمپنی کے رجسٹرڈ نمبر پر بات کی گئی تو کمپنی کے نمائندے نے کسی جہاز کو خریدنے کی تردید کی۔ واضح رہے کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران برطانیہ کی جانب سے اس کے تیل کے جہاز کو پکڑے جانے کا جواب دے گا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں