صدر ہسپتال میں او پی ڈی تاحکم ثانی بند سبھی ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ

یو پی آئی : سرینگر/انتظامیہ نے صدر اسپتال سرینگر میں او پی ڈی کو تا حکم ثانی بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ۔ اس بیچ سبھی ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی بھی چھٹیاں منسوخ کی گئیں اور اُنہیں فوری طورپر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی ۔  صدر اسپتال سرینگر میں او پی ڈی کے باہر لوگوں  کی بھیڑ کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے تا حکم ثانی او پی ڈی کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پچھلے کئی روز سے سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں صدر اسپتال سرینگر کے او پی ڈی وارڈ کی منظر کشی کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو ایک جگہ پر جمع ہوتے ہوئے دیکھا گیا جس پر عوامی حلقوں نے شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے یو ٹی انتظامیہ سے فوری اصلاح کا مطالبہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ کی ہدایت پر صدر اسپتال میں او پی ڈی بلاک کو فی الحال بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ادھر گورنمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سائمہ رشید سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوںنے کہاکہ میں اس وقت میٹنگ میں ہوں۔ ادھر کورنا وائرس کے پیش نظر سبھی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وادی اور جموں میں سبھی اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹیوں پر حاضر ہو جائیں ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں