سی ڈی ہسپتال کا نوڈل آفیسر کورونا وائر س میں مبتلا، رہنما اصولوں کے تحت ہسپتال میں بھرتی ہوالیکن وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹا ہوں :ڈاکٹر نوید
اب تک 9ڈاکٹروں سمیت 20طبی ملازمین کورنٹائن میں

یو پی آئی � جے کے این ایس : سرینگر/سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں تعینات ڈاکٹر نوید کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اُس کے رابطوں کو فوری طورپر کورنٹائن کیا گیا ہے۔ادھر سینئر ڈائریکٹر اور سی ڈی اسپتال کے ایچ او ڈی نے بتایا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود بھی وہ اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔دریں اثنا میونسپل کارپوریشن کے میئر نے بتایا کہ ڈاکٹر نوید کی صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں۔ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں پچھلے تین ماہ کے دوران دن رات کام کرنے والے ایک سینئر ڈاکٹر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ مذکورہ ڈاکٹر پچھلے تین ماہ سے کوووڈ 19میں مبتلا مریضوں کی دیکھ ریکھ دن رات کر رہا تھا اور اسپتال میں آنے والے بیماروں کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنا رہا تھا تاہم منگل کے روز اُس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔ اسپتال ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سینئر ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انتظامیہ نے اُس کے رابطوں کو ڈھونڈ نکال کر اُنہیں قرنطینہ کیا ہے۔ادھر سی ڈی اسپتال کے ایچ او ڈی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد ڈاکٹر نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا کے باوجود بھی وہ چوبیس گھنٹے اپنی ڈیوٹی دے رہا ہے۔ ایچ او ڈی نے بتایا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اسپتال میں بھرتی ہوا۔ انہوںنے کہاکہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد اُن کی صحت یابی کیلئے دعا کر رہے ہیں جس کیلئے وہ لوگوں کے شکر گزار ہیں۔ ڈاکٹر نوید نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ کووڈ 19مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس اور نیم طبی عملے کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اُن کی ٹیسٹ کرانے کی ضرورت ہے۔ ادھر سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر بیان جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید کی صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ انہوںنے کہاکہ سخت ترین حالات کے دوران بھی ڈاکٹر نوید نے اپنی خدمات بخوبی انجام دی اور ہمیں یقین ہے کہ و ہ بہت جلد صحت یاب ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر ڈاکٹر نوید نے جس طرح سے اپنی خدمات انجام دیں وہ سب کے سامنے عیاں ہے اور ہمیشہ اپنے آپ کو آگے رکھا۔اس دوران معلوم ہواکہ کشمیر وادی میں ابھی تک 9 ڈاکٹروں سمیت 20 سے زیادہ طبی اور نیم طبی عملہ سے وابستہ افراد کوروناوائرس میں مبتلاءہوچکے ہیں ۔تاہم ان میں کئی صحت یاب بھی ہوئے ہیں اورکچھ ابھی زیرعلاج رکھے گئے ہیں۔ اُدھر2دن قبل ایک آئی ایس آفیسر کے کوروناتشخیصی رپورٹ مثبت آنے کے بعد کئی اعلیٰ سرکاری افسر کوارنٹائن کئے گئے تھے، جن میں سے منگل کے روز تین افسروں کے رپورٹ منفی پائے گئے ہیں۔ منفی پائے گئے افسران KAS کاڈر کے بتائے جاتے ہیں۔ دیگر کئی افسران کے ٹیسٹ نتیجے آنا ابھی باقی ہیں اور وہ گھروں میں کوارنٹائن کئے گئے ہیں۔ ان میں محکمہ صحت کے کئی اعلیٰ افسربھی شامل ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں