کووڈ19کے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے انتظامات،بصیرخان نے جائزہ لیا، امرناتھ یاترا کے انتظامات پر بھی آفیسروں کےساتھ تبادلہ خیال کیا

جموں/لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ جموںمیں میٹنگ منعقد کر کے کووِڈ۔19 سے نمٹنے کے لئے اُٹھائے جارہے اِضافی اِقدامات کا جائزہ لیا۔ڈویژنل کمشنر کشمیر ، صوبائی کشمیر کے ڈپٹی کمشنراں ، ڈائریکٹر سکمز صورہ ، ڈائریکٹر محکمہ صحت کشمیر، پرنسپل جی ایم سی سری نگراور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی۔مشیر موصوف نے تمام ڈپٹی کمشنران سے کووِڈ۔19کی روکتھام کے لئے اُٹھائے گئے اِقدامات کے بارے میں تفصیل طلب کی۔مشیر بصیر خان نے صوبائی کشمیرکے ڈپٹی کمشنروں اور صوبائی اِنتظامیہ کو دائمی امراض یعنی ذیابطیس ، سرطان ، ہائی بلڈ پریشراورگردوں میں مبتلا ایسے مریض جن کی ڈائلیسس ہو رہی ہو جو ساٹھ برس سے زائد عمر کے افراد کی صد فیصد جانچ اور تشخیص یقینی بنائیں۔مشیر موصوف نے اَفسروں کو حکومت ہند اور جموںو کشمیر یوٹی سیکرٹریٹ سے لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے جاری رہنما خطوط پر سختی سے پیرا رہنے اور ریڈ زون علاقوںمیں لاک ڈاون اِقدامات پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے حکام کو لاک ڈاون کی خلاف ورزری کرنے والے اَفراد پر جرمانہ عائد کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے صوبہ کشمیر کے تمام ریڈ زون علاقوںمیں کووِڈ۔ 19 ٹیسٹنگ میں تیزی لانے کے لئے کہا۔ مشیرموصوف نے متعلقہ حکام کو ریڈ زون لاک ڈاون علاقوںمیں لوگوں کو اُن کی دہلیز پر ہی اشیائے ضروریہ ، ادویات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کووِڈ۔ 19وَبا سے متعلق جانکاری عام کرکے عوام کو اس وَبا کے خلاف جاری لڑائی میں شامل کرنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی۔ادھرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمدخان نے اگلے ماہ شروع ہونے والی امرناتھ یاترا۔ 2020کے لئے کئے گئے انتظامات کا آ ج یہاں اَفسران کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی کشمیر ، ڈپٹی کمشنر سری نگر، ڈپٹی کمشنر گاندربل ، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ اور شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے نمائندگان نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔مشیر موصوف نے تمام اِنتظامات بشمول پگڈنڈی کو صاف کرنے ،لائیٹس ، واٹر ٹینک ، بیت الخلاء ، جنریٹر سٹیوں ، پی ایس پیز ، پبلک ایڈریس سسٹم ، کمیونیکیشن ٹاور اور سائن بورڈوں کی مقررہ تاریخ سے قبل تنصیب پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔بصیر احمدخان نے طبی ٹیموں ، فائر ٹینڈر ، آکسیجن بوتھ ، عارضی راشن ڈیپوئوں کی تعیناتی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اُنہوںنے کہا کہ یاتریوں یا یاترا ڈیوٹی پر تعینات اِنتظامیہ سے وابستہ لوگوں کو کسی بھی اشیائے ضروریہ کی قلت نہیں ہونی چاہیئے۔متعلقہ ڈپٹی کمشنروں نے اِنتظامیہ کی جانب سے کئے جارہے اِنتظامات کے بارے میں تفصیل دیں۔ ڈپٹی کمشنروں نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ پوتر گپھا اور یاترا کے راستے پر پہلے اِنتظامات کئے جاچکے ہیں جنہیں اب حتمی شکل دی جاری ہے ۔اُنہیں مزید بتایا گیاکہ زیادہ تر کام مکمل کیا جاچکا ہے یا تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے ۔متعلقہ ڈپٹی کمشنروں نے میٹنگ کو بتایا کہ کیمپوں کی جگہ اور لازمی سہولیات کو پہلے ہی حتمی شکل دی جاچکی ہے۔مزید برآں متعلقہ محکموںکے اہلکار اور مشینری کیمپ کے مقامات تک لازمی سپلائی سمیت لے جانے کے لئے تیار ہے ۔مشیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کو یاتریوں کے آرام دہ سفر اور قیام کے لئے معقول اِقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں