کولگام حادثے میں 2نوجوانوں کی موت بمنہ میں نوجوان کی لاش لٹکی ہوئی پائی گئی

یو پی آئی / سی این ایس : سرینگر/کولگام میں ٹریفک حادثات میں 2افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ بمنہ میں نوجوان کی لاش کمرے میں لٹکتے ہوئے پائی گئی۔ ونپوہ کولگام میں اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب 33سالہ نوجوان کرین کے نیچے آیا جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ مہلوک نوجوان کی شناخت مظفر احمد وگے ساکن نئی بستی کھنبہ بل کے بطور ہوئی ہے اور پیشہ کے لحاظ سے وہ میوہ فروش تھا۔ ادھر دام جن قاضی گنڈ میں ایک آٹو موبائیل نے 38سالہ نوجوان کو ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا اگر چہ اُسے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ پولیس ذرائع نے نوجوان کی شناخت دلبر احمد بٹ ولد عبدالرشید بٹ ساکن بونی گام قاضی گنڈ کے بطور کی ہے۔ ادھر بمنہ میں 25سالہ نوجوان کی لاش کمرے میں لٹکتے ہوئے پائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بمنہ میں زیر تعمیر اسپتال عمارت کی دوسری منزل میں الطاف احمد گوجر ولد بشیر احمد گوجر ساکن آری پل ترال کی لاش لٹکتے ہوئے پائی گئی پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھرشمالی کشمیر کے قصبہ پٹن میں ایک شخص کو تیز رفتار ٹپر نے زور دار ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا ہے جس کو نازک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ادھر ڈوڈہ میں نالہ نیرو میں چار رو ز قبل غرقآب ہونے نوجوان کی نعش کو نالہ سے برآمد کرلیا گیا ہے ۔ شمالی کشمیر کے قصبہ پٹن ضلع بارہمولہ میں مین مارکیٹ پٹن میں ایک راہ چلتے 32سالہ شخص کو تیز رفتار ٹپر نے زور دار ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق راہ چلتے شبیر احمد ملک ساکنہ تار محلہ پٹن بازار میں چل رہا تھا جس دوران وہاں سے ایک تیز رفتار ٹپر گرزری جس نے مذکورہ شہری کو ٹکر مار کر زخمی کردیا جس کو شدید زخمی حالت میں سرینگرصورہ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرلیا ہے ۔ دریں اثناءنیروہ نالہ ڈوڈہ میں گزشتہ دنوں غرقآب ہوئے نوجوان کی نعش کو آج برآمد کرلیا گیا ہے ۔ ایس ایچ او ڈوڈہ نے بتایا کہ 22سالہ نوجوان وائرس احمد ولد ساجد احمد چار روز قبل نیرو نالہ میں ڈوب گیا تھا تب سے اس کی تلاش جاری تھی تاہم آج مذکورہ نوجوان کی نعش کو برآمد کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں بھی کیس درج کرلیا ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں