سرینگر سمیت 8اضلاع میں پھر لاک ڈائون

جے کے این ایس : سرینگر/ عیدالاضحی کے پیش نظرسری نگرسمیت وادی کے سبھی دس اضلاع میں عید کے دن سے ہی دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیاجائیگا۔ اس سلسلے میں بڈگام سمیت کچھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروںنے جمعہ کے روزہی احکامات جاری کردئیے ۔معلوم ہواکہ سری نگرسمیت وادی کے اُن 8اضلاع میں یکم اگست سے ممکنہ طورپر پھرلاک ڈاؤن نافذ کیاجائیگا ،جہاں حالیہ ہفتوں کے دوران کوروناوائرس کے متواتر زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں ۔بتایاجاتاہے کہ لاک ڈاؤن کی مدت کم سے کم 4اگست تک ہوگی ،تاکہ اس دوران شہراورتمام قصبہ جات کے بازاروں اورعوامی مقامات کی صفائی ستھرائی عمل میں لائی جائے اورایسے تمام بازاروں اورعلاقوں کی سینٹائزیشن عمل میں لائی جائے ،جہاں حالیہ دنوں میں عیدکے پیش نظرلوگوں کاخاصارش رہا۔اس دوران معلوم ہواکہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں لاک ڈاون میں نرمی کے بعد ایک بار پھر سے لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلع بڈگام میں کوروناکے بڑھتے مثبت معاملات کو لیکر لوگوں اور خاص کر انتظامیہ میں کافی تشویش ہے۔ عید کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے کئی روز تک لاک ڈاون میں نرمی کی تھی۔اوراس دوران لوگوں نے بازاروں میں عید کو لیکر خریداری کی تھی۔تاہم ضلع بڈگام میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بڈگام نے دوبارہ حکم نامہ جاری کیا جس میں لاک ڈاون کو31جولائی سے4 اگست تک بڑھا دیا گیا۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ تمام ضلع میں لاک ڈاون سختی سے نافذ ہوگا۔حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ مین ٹاون بڈگام، ماگام ،چاڈورہ، بی کے پورہ ،بمنہ ،چرارشریف ،نارہ بل ،بیروہ ،چھترگام ،ناگام ،خانصاحب اور دیگر مقامات پر تمام دکانیں ،تجارتی ادارے بند رہیں گے۔ضلع میں کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی نہ ہی دوسرے اضلاع کی گاڑیوں کو ضلع بڈگام میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بڈگام نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ ضروری اشیاءسے لدی گاڑیاں ،ایل بی جی ،تیل ٹینکر جیسی گاڑیو ں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔ضلع میں سیکشن 34 ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ2005 کے تحت دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ ہوگا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بڈگام نے ایس ایس پی بڈگام و سرینگر، متعلقہ ایس ڈی ایم،تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں ،ایکزیکٹو مجسٹریٹ، ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز کو مطلع کیا کہ وہ اپنے اپنے حدود میں سختی سے پابندیاں نافذ کریں۔ حکم نامے میں تاہم یہ کہا گیا ہے کہ ایگریکلچر،ہارٹی کلچر اور تعمیراتی کاموں کو انجام دینے والے لوگوں اور اس سے منسلک گاڑیوں کو ایس او پی اور گائیڈ لائن کے تحت ہی چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ وادی کشمیر میں ہر روز کورونا وائرس کے مثبت کیس بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔اُدھر سری نگراوربارہمولہ سمیت دیگر5ریڈزون والے اضلاع میں بھی سنیچریااتوارسے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیاجارہاہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ ریڈزون والے سبھی8اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کوصوبائی کمشنر کشمیر کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ سے پیداشدہ صورتحال کومدنظر رکھ کر مقامی سطح پر پائے جانے والے حالات کی روشنی میں ضروری اقدامات کوروبہ عمل لائیں ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں