بڈگام میں گولی سے زخمی بی جے پی کارکن ہسپتال میں چل بسا

بھاجپا صدر کا اظہار تشویش، کہا وادی میں کارکنوں کو تحفظ فراہم کیاجائےگا

سی این آئی /یو پی آئی : سرینگر/اُوم پورہ بڈگام میں جنگجوؤں کے حملے میں زخمی بی جے پی کارکن صدر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کیلئے کارروائی جاری ہے۔ ادھر بی جے پی کے جموںوکشمیر صدر نے کہاکہ مہلوک بی جے پی کارکن کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کو بہت جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔وسطی ضلع بڈگام میں جنگجووں کے حملے میں زخمی ہوابی جے پی کارکن سرینگر کے صدر اسپتال میں پیر کی صبح زخموںکی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔عبد الحمید نجار ساکن مہندی پورہ، اومپورہ نے چھ ماہ قبل بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔نجار کو گذشتہ روز اس وقت گولی کا نشانہ بنایا گیا جب وہ صبح کی سیر کیلئے نکلا تھا۔شدید زخمی ہونے کے بعد اسے صدر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔بی جے پی کے بڈگام ضلع کے صدر آغا سید محسن نے نجار کی موت کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ نجار نے آج صبح پانچ بجے کے آس پاس آخری سانس لی۔ادھر نمائندے نے بتایا کہ جونہی مہلوک بی جے پی کارکن کی لاش اُس کے آبائی گھر پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں اوربعد میں اُس کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ ادھر بی جے پی کے جموںوکشمیر صدر روندر رینہ اور نائب صدر کوندر گھپتا نے بی جے پی کارکن کی ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت بھاجپا کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جوکوئی بھی ان ہلاکتوں میں ملوث ہوگا اُنہیں سیکورٹی فورسز کے اہلکار بہت جلد انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ جموں خاص کر وادی کشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں جس وجہ سے کئی افراد ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں ۔ ادھر سابق نائب وزیر اعلیٰ کوندر گھپتا کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں بھاجپا ورکروں کی ہلاکت ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ انہوںنے کہاکہ جو کوئی بھی بی جے پی ورکروں کے قتل میں ملوث ہے اُنہیں سیکورٹی فورسز کے اہلکار بہت جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ وادی کشمیر میں بی جے پی روز بروز مضبوط ہوتی جا رہی ہیں ۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ بھاجپا ورکروں کی سیکورٹی اور اُنہیں رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر پہلے ہی بھاجپا کی قومی قیادت کو آگاہ کیا گیا ہے اوراس حوالے سے بہت جلد فیصلہ لینے کا امکان ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی لوگوں کے مسائل حل کرنے اور سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں