بین ریاستی جعلسازوں کے نیٹ ورک کا پردہ فاش ، تین غیر ریاستی ڈرائیور گرفتار - وادی سے میوہ لے جا کر اُسے فروخت کرکے رقومات ہڑپ لیتے تھے

یو پی آئی : سرینگر/قاضی گنڈ پولیس نے اُن تین غیر ریاستی جعلساز ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا جو ٹرک میں موجود میوے کو دوسری جگہ فروخت کرنے کی خاطر نمبر پلیٹ تبدیل کیا کر تے تھے۔ نمائندے نے بتایا کہ قاضی گنڈ کو پولیس میں کئی فروٹ گرورس نے اس حوالے سے شکایت درج کی تھی کہ اُنہیں لوٹا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے کیس درج کرکے جعلساز ڈرائیوروں کو تلاش کرنا شروع کیا۔ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے تین ڈرائیورز جن کی شناخت نور حسین خان ولد محمد شریف خان ، محمد عرفان خان ولد محمد عثمان خان اور محمد اقبال خان ولد شبیر خان ساکنان میوٹھ ہریانہ کو حراست میں لے کر اُن کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 282/2020زیر دفعات 420,120B,406آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ڈرئیورز کو سیب ملک کی مختلف ریاستوں میں مخصوص جگہ پر لیجانے کی ذمہ داری سونپی جاتی تھی اور اس کیلئے اُنہیں معقول معاوضہ بھی فراہم کیا جاتا تھا تاہم ٹرکوں میں موجود سیبوں پر ہاتھ صاف کرنے کی خاطر وہ ٹرکوں کے نمبر پلیٹ تبدیل کیا کرتے تھے اور اس طرح سے اُنہیں ان سیبوں کو دوسری جگہ پر فروخت کرنے میں آسانی ہوتی تھی اور اس طرح وہ بیوپاریوں کو لوٹ لیتے تھے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں