مخدوم صاحب اور چرار شریف میں اختتامی تقاریب پر مجالس کا اہتمام چرار شریف میں کشمیری پنڈتوں کے وفد نے بھی آستانہ عالیہ پر حاضری دی

یو پی آئی : سرینگر/مخدوم صاحب میں حضرت سلطان العارفین ؒ اور چرار شریف میں شیخ نور الدین نورانی ؒ کی عرس پاک کی اختتامی تقریبات منعقد ہوئیں جس دوران زائرین کی ایک بڑی تعداد نے نماز جمعہ باجماعت ادا کی۔ معلوم ہوا ہے کہ چرار شریف میں نماز جمعہ کے موقع لوگوں کی ایک بڑی تعداد وارد ہوئی تھی جس دوران آستانہ عالیہ پر رقعت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ اس دوران جموں سے کشمیری پنڈتوں نے بھی چرار شریف میں حاضری دی۔  وادی بھرمیں جمعہ کے روزحضرت سلطان العارفین ؒ اور شیخ نور الدین نورانی ؒ کی سالانہ عرس پاک کی اختتامی تقریبات کا اہتمام ہوا۔نمائندے نے بتایا کہ کوہِ ماران واقع مخدوم صاحب میں حضرت سلطان العارفین ؒ کے آستانہ عالیہ پر بھی جمعہ کے روز اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں زائرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران وقف بورڈ کی جانب سے رہنما اصولوں کا خاص خیال رکھا گیا ۔ ادھر چرار شریف میں بھی شیخ نور الدین نورانی ؒ کے آستانہ عالیہ پر جمعہ کے روز اختتامی تقریب ہوئی جس میں وادی کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی۔ نمائندے نے بتایا کہ نماز جمعہ باجماعت ادا کی گئی جس میں لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔
 اس موقع پر وقف بورڈ کی جانب سے سماجی دوری کو بنائے رکھنے کی خاطرملازمین کو تعینات کیا گیا تھا اور کسی بھی زائر کو بغیر ماسک کے مسجد یا آستانہ عالیہ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ نمائندے نے بتایا کہ جموں سے آئے ہوئے کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد نے بھی چرار شریف میں آستانہ عالیہ پر حاضری دی اور جموںوکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا۔  

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں