قاضی گنڈ ہلاکتیں؛جنگجووں نے گاڑی میں آکر بھاجپا کارکنوں پر فائرنگ کرکے اُنہیں ہلاک کر دیا

157بھاجپا کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کی گئی ہے جبکہ 1619ورکروں کو پہلگام میں حفاظتی انتظامات کے تحت رکھا گیا ہے /آئی جی کشمیر

یو پی آئی : سرینگر///آئی جی کشمیر کا کہنا ہے کہ قاضی گنڈ ہلاکتوں میں ملوث عسکریت پسندوں کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ اُس آلٹو گاڑی کو ضبط کیاگیا جس کا عسکریت پسندوں نے حملے کے دوران استعمال کیا ۔ آئی جی کشمیر نے بتایا کہ 157بھاجپا کارکنوں کوسیکورٹی فراہم کی گئی جبکہ حفاظتی اہلکاروں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ بھاجپا کارکنان کو رات کے وقت باہر نکلنے کی اجازت نہ دیں۔ انہوںنے کہاکہ 1619بھاجپا ورکروں کی نشاندہی کرکے اُنہیں پہلگام میں حفاظتی انتظامات کے تحت رکھا گیا تھا تاہم فدا حسین مذکورہ علاقہ سے نکل گیا تھا۔ آئی جی نے بتایا کہ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ تینوں مہلوکین حملے کے وقت اُس علاقے میں کیا کر رہے تھے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق پولیس نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس گاڑی کو بر آمد کیا ہے جس کو جنگجووں نے گذشتہ شام جنوبی ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں بھاجپا کے تین کارکنوں کو ہلاک کرنے کیلئے استعمال کیا تھا۔نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے پولیس کے انسپکٹر جنرل برائے کشمیر وجے کمار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جنگجوں نے مذکورہ حملہ کیلئے پہلے سے ہی منصوبہ بندی کی تھی۔ آئی جی نے کہا”ابھی تک نثار احمد کھانڈے، عباس شیخ ساکن کھڈونی اور ایک غیر مقامی جنگجووں کے ملوث ہونے کی بات سامنے آئی ہے“۔آئی جی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ” جنگجو ایک کار میں آئے جو ایک مقامی شہری الطاف کی ہے۔وہ بھاجپا یوتھ جنرل سیکریٹری کی گاڑی کے قریب پہنچے اور اندھا دھند گولیاں چلائیں جس سے بھاجپا کارکنان زخمی ہوئے اور بعد میں دم توڑ بیٹھے۔“یاد رہے کہ گذشتہ شام قاضی گنڈ کے یور خوشی پورہ علاقے میں جنگجووں کے حملے میں فدا حسین،عمر رشید بیگ اور عمر رمضان حجام نامی بھاجپا کارکنان ہلاک ہوگئے۔وجے کمار کے مطابق اس گاڑی کو تیلہ ونی گاوں میں پولیس پوسٹ اچھہ بل کے قریب ضبط کیا گیا ہے جس میں آکر جنگجووں نے بھاجپا کارکنوں کو حملے کا نشانہ بنایا۔ایک سوال کے جواب میں آئی جی کشمیر نے کہا کہ اگست5،2019کے بعد1619افراد کی نشاندہی کرکے انہیں پہلگام میں حفاظتی انتظامات کے تحت رکھا گیا تھا۔تاہم فدا حسین مذکورہ علاقہ سے نکل گیا تھا۔ اب پولیس اس (باقی صفحہ ۱۱ پر)
بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ تینوں مہلوکین حملے کے وقت اس علاقے میں کیا کررہے تھے۔ آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ 157بھاجپا کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کی گئی ہے اور حفاظتی اہلکاروں کو بتایا گیا ہے کہ وہ بھاجپا کارکنان کو رات کے وقت باہر نکلنے کی اجازت نہ دیں۔آئی جی کشمیر کے مطابق تین بھاجپا کارکنوں کی ہلاکت کے بعد جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حملہ آوروں کی شناخت ہو چکی ہے اور بہت جلد اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ آئی جی نے بتایا کہ بھاجپا کارکنوں اور لیڈران کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی خاطر زمینی سطح پر انتظامات کئے گئے ہیں تاہم کارکنان کو چاہئے کہ وہ سیکورٹی کے بغیر گھروں سے باہر نہ آئیں ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں