ملک میں کورونا کے سرگرم معاملوں میں پھر سے کمی ہوگئی - صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے

نئی دہلی، 21 نومبر(یواین آئی) : ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے سرگرم معاملوں میں پھر سے کمی آئی ہے اور سرگرم معاملوں کی شرح کم ہوکر 4.85 فیصد پر آگئی ہے ۔ ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرگرم معاملوں میں 4047 کی کمی آئی ہے جس سے یہ تعداد کم ہوکر 4,39,747 رہ گئی ہے ۔ گزشتہ کچھ دنوں سے سرگرم معاملوں میں مسلسل کم آرہی تھی لیکن جمعہ کو اس تعداد میں 491 کا اضافہ ہوا تھا۔ اس دوران ملک میں کورونا کے معاملے 90.50 لاکھ سے زیادہ ہوگئے ہیں لیکن اطمینان کی بات یہ ہے کہ اس بیماری سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور صحتیاب ہونے کی شرح بڑھ کر 93.67 فیصد آگئی ہے ۔وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی وزارت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 46,232 نئے معاملے سامنے آئے اور متاثروں کی تعداد بڑھ کر 90.50 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ اس دوران 49,715 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جسے ملا کر مجموعی طور سے کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد اب 84.78 لاکھ ہوگئی ہے ۔ اس مدت میں 564 اور مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,32,726 ہوگئی ہے ۔ ملک میں سرگرم معاملوں کی شرح کم ہوکر 4.85 فیصد پر آگئی ہے اور اموات کی شرح بھی کم ہوکر 1.46 ہوگئی ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سرگرم معاملوں میں سب سے زیادہ کمی دہلی میں آئی ہے ۔ راجدھانی میں سرگرم معاملوں میں 2,285 کی کمی آئی ہے جس کے بعد یہ تعداد 40,936 رہ گئی ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں