جوکووچ نویں مرتبہ اے ٹی پی کے سیمی فائنل میں

لندن،21 نومبر (یواین آئی) دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ نے سابق چیمپئن جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو کو مسلسل سیٹوں میں چھ-تین ، سات-چھ (4) سے شکست دے کر نویں مرتبہ سال کے آخری ٹورنامنٹ اے ٹی پی ورلڈ ٹورفائنلس میں گروپ ٹوکیو 1970 کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔جوکووچ اس ٹورنامنٹ میں 13 ویں بار کھیل رہے ہیں اور نویں بار سیمی فائنل میں پہنچے ہیں ۔ ٹاپ سیڈ جوکووچ اس ٹورنامنٹ میں ریکارڈ چھٹے خطاب کی برابری کرنے سے دو جیت دور رہ گئے ہیں۔ سربیا کے کھلاڑی نے اس جیت سے زیوریو سے 2018 میں اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست کا بدلہ لیا ہے۔عالمی نمبر ایک کھلاڑی کا سیمی فائنل میں آسٹریا کے ڈومینک تھیم سے مقابلہ ہوگا جن سے وہ پچھلے سال گروپ میچ میں ہارے تھے۔ جوکووچ پہلے ہی چھٹی بار سال کا اختتام نمبر ایک کے طور پر یقینی کرچکے ہیں۔جوکووچ کا دنیا کے تیسرے نمبر کے کھلاڑی تھیئم کے خلاف سات۔ چار کا کیریر ریکارڈ ہے۔ دونوں کے مابین گزشتہ پانچ مقابلے یا تو ٹائی بریک میں چلے گئے ہیں یا فیصلہ کن سیٹ میں ان کا فیصلہ ہوا ہے۔گروپ ٹوکیو 1970 کے ایک دیگر میچ میں روس کے ڈینیل میدویدیف نے ارجنٹینا کے ڈیاگو شوارٹزمان کو لگاتار سیٹوں میں 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ میدویدیف کا مقابلہ سیمی فائنل میں عالمی نمبر دو کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال سے ہوگا۔ میدویدیف تین کیریئر مقابلے میں نڈال کو کبھی شکست نہیں دے سکے ہیں۔ریکارڈ مسلسل 16 ویں مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں کھیل رہے 20 گرینڈ سلیم خطابوں کے فاتح نڈال نے اپنے شاندار کیریر میں یہ خطاب ایک مرتبہ بھی نہیں جیتا ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں