اس سال حج مہنگا ہوگا: مختار عباس نقوی

سعودی عرب تک سفر اور وہاں قیام و طعام نیز نقل و حمل کےلئے زیادہ پیسے خرچ ہوںگے

جے کے این ایس : سرینگر؍مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے اگلے سال یعنی سال2021 کے حج کے اخراجات مہنگے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے یہ حج ایک الگ صورتحال میں انجام پذیر ہوگا۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیرمختارعباس نقوی نے ان باتوں کا اظہارخبررساں ادارے یو این آئی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کیا ہے۔مختارعباس نقوی نے کہاکہ ”سال 2021 کا حج جو ہوگا وہ کورونا کی وجہ سے الگ ہی صورتحال میں ہوگا، اس صورتحال میں حج کے اخرا جات میں اضافہ ہوگا جس سے حج کے خرچہ جات بڑھیں گے“۔انہوں نے کہا”حج چونکہ  ( جاری صفحہ نمبر ۱۱پر)
سعودی عرب میں ہوتا ہے وہاں کی حکومت کے پروٹوکال کے مطابق جس کمرے میں آٹھ نو لوگ رہتے تھے اس میں اب صرف دو یا تین ہی لوگ رہ سکتے ہیں اور جس گاڑی میں 45 حاجی سفر کرتے تھے اس میں زیادہ سے زیادہ بیس حاجی سفر کر سکتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی دیگر اخراجات بڑھیں گے“۔ نقوی نے کہا کہ عازمین حج کا سفر پر روانہ ہونے سے72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا ” ہمیں امید ہے کہ اس سے قبل کورونا ختم ہوا ہوگا“۔مرکزی وزیر نے کہا ” ہمارا سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ماہ دسمبر میں دو طرفہ معاہدہ طے ہونے والا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہمیں کتنا کوٹا مل سکتا ہے“۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر حاجیوں کی عمر کی حد کو بھی18سے 65 برس تک محدود کر دیا گیا ہے۔ نقوی نے کہا کہ محرم کے بغیر حج کرنے والی خواتین امسال بھی درخواست جمع کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر سعودی عرج جانے کے لئے پروازوں کے ایمبارکیشن پوائنٹس کو 21 سے گھٹا کر10 کر دیا ہے تاہم ان دس پوائنٹس میں سری نگر شامل ہے۔قابل ذکر ہے کہ حج سال 2021 کے لئے بھارت سے حاجیوں کا پہلا قافلہ 26 جون کو جبکہ آخری قافلہ 13 جولائی کو سعودی عرب روانہ ہونے کی توقع ہے۔حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ14 اگست سے شروع ہونے کی امید ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے سال 2020 کا حج متاثر ہی رہا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں