امریکی دوا سازکمپنی ’فائزر‘ نے بھارت میں کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری طلب کی - ڈی سی جی آئی کے سامنے درخواست پیش ، محکمے کی طرف سے مثبت جواب کا انتظار

نئی دہلی،6 دسمبر(یواین آئی) : برطانیہ اور بہرین میں استعمال کی منظوری ملنے کے بعد امریکی دوا کمپنی فائزر نے اپنی کورونا ویکسین کے ہندوستان میں ہنگامی حالات میں استعمال کیلئے کنٹرولر جنرل آف انڈین میڈیسن (ڈی سی جی آئی)سے اجازت طلب کی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے ملی اطلاع کے مطابق ،فائزر نے منظوری کیلئے ڈی سی جی آئی کے سامنے درخواست پیش کی ہے حالانکہ ڈی سی جی آئی نے اس سلسلے میں کوئی سرکاری اطلاع نہیں دی ہے اور نہ ہی فائزر نے اس معلومات کی تصدیق کی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے بھی اس اطلاع کی نہ ہی تصدیق کی ہے اور نہ ہی اس کی تردید کی ہے۔ اگرہندوستان میں فائزر کی ویکسن کے ہنگامی حالات کے لئے ڈی سی جی آئی کی اجازت مل جاتی ہے ،تو یہ ایسا کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک ہوگا۔ بہرین نے گزشتہ جمعہ کو اطلان کیا تھا کہ اس نے بھی فائزر کے استعمال کی منظوری دے دی ہے ۔ ہندوستان میں اب تک 96,44 ,222 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں،جن میں سے 94 فیصد افراد یعنی 91,00,792مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 1,40,182 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ اس طرح ملک میں فی الحال انفیکشن کے 4,03,248 معاملے ہی زیر علاج ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں