نورپورہ ترال میں جنگجو مخالف اوپریشن کے دوران تشدد مظاہرین پر قابو پانے کیلئے شلنگ اور پیلٹ چھروں کا استعمال

12 اگست 2017

ترال / نیازحسین /کے این ایس/ اے پی آئی /’ذاکر موسیٰ کے آبائی گائوں نور پورہ ترال کا محاصرہ ‘ کرتے ہوئے فوج وفورسز نے مشترکہ طور پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ،جس دوران یہاں تشدد بھی بھڑک اٹھا ۔مشتعل مظاہرین نے کریک ڈائون کے دوران فورسز پر پتھرائو کیا جبکہ جوابی کارروائی میں فورسز نے شدید ٹیر گیس شلنگ کی ۔آخری اطلاعات ملنے تک گائوں کا محاصرہ جاری تھا جبکہ پُرتشدد جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جنوبی قصبہ ترال میں اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب یہاں فوج وفورسز نے مشترکہ طور پر انصار غزوۃالہند کے /
 چیف کمانڈر ذاکر موسیٰ کے آبائی گائوں نور پورہ ترال کا محاصرہ کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ فوج ،ایس او جی اور فورسز نے مشترکہ طور پر ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گائوں کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کردی ۔ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں جاری آل آوٹ آپریشن کے تحت فوج وفورسز نے نور پورہ ترال کا محاصر ہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کردی ۔معلوم ہوا ہے کہ نور پورہ ترال میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوج وفورسز نے گائوں کا محاصرہ کیا ۔تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گائوں میں زاکر موسیٰ موجود ہے یا نہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ جونہی فوج وفورسز نے گائوں کا محاصرہ کیا ،تو نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل آئی ،جنہوں نے کریک ڈائون کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ان کا تعاقب کیا ۔اس دوران مظاہرین مشتعل ہوئے جنہوں نے فورسز پر پتھرائو کیا ۔جوابی کارروائی میں فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ کی اور یہ سلسلہ آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔اس دوران بعد نمازجمعہ نودل اور بٹہ گنڈ میں بھی تشدد بھڑک اٹھا ۔ یہاں حالیہ جنگجوئوں اور طالب علم کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،جس دوران مظاہرین نے فورسز پر پتھرا ئو کیا ،جوابی کارروائی میں فورسز نے شدید ٹیر گیس شلنگ کی ۔یہ سلسلہ شام دیر گئے تک جاری تھااور صورتحال کشیدہ بنی ہوئی تھی ۔یاد رہے کہ گلاب باغ ترال میں ایک مختصر پر خونین معرکہ آرائی میں حزب المجاہدین کے باغی کمانڈر ذاکر موسیٰ کے 3ساتھی مارے گئے تھے جبکہ احتجاجی مظاہروں کے دوران پیلٹ فائرنگ سے ریٹائرڈ فوجی کا16سالہ بیٹا جاں بحق ہوا تھا ۔

تبصرے