صفاکدل پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش گرینیڈ دھماکے میں پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی

18 مئ 2017 (06:23)

سرینگرکے این ایس شہر خاص میں جنگجوئوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے پولیس اسٹیشن صفاکدل پر ایک ہتھ گولہ پھینکا ،جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اورعام شہری زخمی ہوا ،جنہیں علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا۔گرینیڈ دھماکے کے فوراً بعد پولیس وفورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور حملہ آئوروں کی تلاش شروع کردی جبکہ پولیس کے اعلیٰ افسران نے جائے موقع پر جاکر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ذرائع کے مطابق اس حملے میں زخمی پولیس اہلکار کی شناخت سمیر احمد کے بطور ہوئی ہے جبکہ عام شہری کا نام آرف احمد بتایا جاتا ہے۔ہسپتال میں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔ دھماکے کے بعد پورے شہر سرینگر میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ کردیا گیا جبکہ جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ،جہاں سے گزر نے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی باریک بینی سے چیکنگ کی جارہی ہے۔صفاکد ل پولیس اسٹیشن پر ہوئے حملے کی فوری طور پر کسی جنگجو تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔یاد رہے کہ 30اپریل کو جنگجوئوں نے پولیس اسٹیشن خانیار پر گرینیڈ سے ہی حملہ کیا تھا جس میں ایک شہری کی موت اور قریب5پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔2اپریل کو بھی جنگجوئوں نے شہر خاص میں طویل عرصے کے بعد دستک دی تھی اور نوہٹہ میں شام دیر گئے فورسز پر گرینیڈ سے حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار کی موت اورقریب14اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔

تبصرے