سائبر حملہ دنیا کیلئے ایک انتباہ ہے  حالیہ وائرس کا حملہ مائیکروسافٹ وِنڈوز کے ایک ورژن میں موجود ایک نقص کے سبب ہوا : مائیکروسافٹ

15 مئ 2017 (05:52)

سرینگر مانٹرنگ کمپیوٹر سافٹ ویئر اور مصنوعات بنانے والی عالمی کمپنی مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ جمعے سے ہونیوالے سائبر حملے کو ’خواب غفلت سے بیدار ہونے کے لیے انتباہ‘ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ رینسم ویئر کے اس حملے کی زد میں ابھی تک تقریباً 150 ممالک آ چکے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے حکومت کی جانب سے سافٹ ویئر کی جمع کی گئی کمزوریوں کے سبب اتنے ’وسیع پیمانے پر نقصانات‘ ہوئے ہیں۔ حالیہ وائرس کا حملہ مائیکروسافٹ ونڈوز کے ایک ورژن میں موجود ایک نقص کے سبب ہوا ہے جس کی پہلے پہل نشاندہی امریکی انٹیلیجنس نے کی تھی۔ اب جبکہ لوگ ایک بار پھر کام پر واپس آئیں گے ایسے میں مزید ’رینسم ویئر‘ حملے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ بہت سی کمپنیوں میں سنیچر اور اتوار کو ماہرین کام کرتے نظر آئے تاکہ نئے انفیکشن سے بچا جا سکے۔ حملہ آور وائرس نے لوگوں سے ان کے کمپیوٹر کا اختیار لے لیا اور اسے واپس دینے کے لیے ان سے 300 ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا۔ ہفتے اور اتوار کے روز وائرس کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی گئی ہے لیکن ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ یہ تخفیف عارضی ہو سکتی ہے۔ابھی تک دو لاکھ سے زیادہ کمپیوٹرز اس حملے کی زد میں آچکے ہیں۔ مائیکروسافٹ کے صدر اور قانونی سربراہ بریڈ سمتھ نے اتوار کو ایک بیان میں حکومت کے طور طریقے کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ کس طرح وہ سکیورٹی کے نقص کو اپنے کمپیوٹر میں اکٹھا کرتے رہتے ہیں۔

تبصرے