تحریک کے تئیں شیخ عبدالعزیز کی خدمات ناقابل فراموش:حریت’ع‘ مرحوم کو ان کی نویں برسی پر خراج عقیدت ادا کیا گیا

11 اگست 2017

سرینگر/ حریت کانفرنس ’ع‘کے ترجمان نے شہید عزیمت اور سرکردہ حریت رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کو ان کی۹ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے شہید رہنما کی تحریک آزادی کے تئیں انکی قربانیوں اور خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیریوںکی رواں تحریک مزاحمت میں جہاں عوام نے حصول مقصد کیلئے بے مثال جانی ومالی قربانیاں پیش کی ہیں اور کررہے ہیں وہیں قیادت کی سطح پر بھی پیش کی گئی قربانیاں رواں تحریک مزاحمت کا انمول اثاثہ ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے مبنی برحق جدوجہد میں قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کررہے ہیں اور ان قربانیوں کی وجہ سے آج مسئلہ کشمیر کے حل کو عالمی سطح پر جنوب ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کی تحریک مزاحمت کو دبانے کیلئے حکومت ہندوستان کی جانب سے مار دھاڑ ، ظلم و زیادتی اور قتل و غارت گری سے عبارت جو پالیسی رو ا رکھی جارہی ہے اسکا صرف اتحاد فکر عمل اور یکسوئی کے ساتھ مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ترجمان نے حکومت ہندوستان کی جانب سے جموںوکشمیر کے special status کو زک پہنچانے اور ظلم و زیادتیوں، نہتے عوام کیخلاف مار دھاڑ کی پالیسی ،خصوصاً نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ ان کیخلاف طاقت اور تشدد کے بے تحاشہ استعمال کرکے ان کو پشت بہ دیوار کرنے کیخلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے 12 اگست 2017 کی ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے عوام سے اسے ہر سطح پر کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

تبصرے