کولمبو ٹیسٹ میں بھارتی پلیئرز نے کئی ریکارڈ الٹ پلٹ دیے

08 اگست 2017

کولمبو/ دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی کھلاڑیوں نے کئی ریکارڈ الٹ پلٹ کر رکھ دیے، بھارت کی مسلسل سیریز فتوحات کی تعداد 8 تک جا پہنچی۔بھارت نے کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز سے زیر کرکے پہلی بار سیریز بھی اپنے نام کرلی، یہ اس کی مسلسل آٹھویں سیریز کامیابی ہے جس کا آغاز 2015 کی سری لنکن سیریز سے ہی ہوا تھا، اب اس معاملے میں صرف آسٹریلیا ہی اس سے آگے ہے جس نے 2005 سے 2008 کے دوران مسلسل 9 سیریز جیتیں، انگلینڈ نے بھی 1884سے 1892 تک مسلسل 8 سیریز ہی جیتی تھیں۔بھارت نے پہلی بار سری لنکا میں ایک اننگز سے کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکن ٹیم بھی 2000 کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈز پر پہلی بار ایک اننگز سے شکست سے دوچار ہوئی، آخری مرتبہ گاہل میں پاکستان نے اسے اننگزسے مات دی تھی، مجموعی طور پر یہ اس کی اپنے ملک میں اس انداز کی ساتویں شکست ہے۔یہ تیسرا موقع ہے جب ایک ہی ٹیم کے دوکھلاڑیوں نے ایک ہی میچ میں ففٹی بنانے کے ساتھ اننگز میں 5، 5 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہو، ایشون اور جڈیجا سے قبل یہ کارنامہ 2011 میں بھارت کے خلاف ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے ٹم بریسنن اور اسٹورٹ براڈ نے انجام دیا جبکہ پہلی مرتبہ ایسا 1895میں ہوا تھا جب ایڈیلیڈ میں انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کے جارج گفین اور البرٹ ٹروٹ نے یہ اعزاز پایا تھا۔واضح رہے کہ سری لنکا نے دوسری اننگزمیں 386 رنز بنائے جوکہ فالو آن کے بعد ان کا چوتھا بڑا مجموعہ ہے، ان میں سے تین ایسے مجموعے حالیہ 3 برس کے دوران سامنے آئے ہیں۔ٹیسٹ سیریز کو اپنے نام کرنے کے بعد بھارتی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ ان کے پاس 400 سے زائد رنز کی بھاری برتری تھی اس وجہ سے انہوں نے مخالف ٹیم کو فالو آن کرایا۔دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندستان کی پہلی اننگز میں نو وکٹ پر 622رن اننگز ڈکلئیر کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 183رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور پھر اسے فالوآن کھیلنے پر مجبورہونا پڑا۔سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 386رن پر سمٹ گئی۔ہندستان نے اس طرح یہ ٹیسٹ اننگز اور 53رنز سے جیت لیا۔وراٹ کی اپنی کپتانی میں 28ٹسٹ میچوں میں یہ 18ویں فتح ہے ۔

تبصرے