چیمپئنز ٹرافی کے بعد ٹیم انڈیا کا ویسٹ انڈیز دورہ پانچ ایک روزہ میچوںکے علاوہ ایک ٹوئنٹی20میچ بھی کھیلے گی

17 مئ 2017 (06:02)

نئی دہلی ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کی میزبانی میں اگلے ماہ ہونے والے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے فوراً بعد ویسٹ انڈیز کے دورے کیلئے روانہ ہوجائے گی ۔ جہاں وہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے علاوہ ایک ٹوئنٹی -20میچ بھی کھیلے گی۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ﴿بی سی سی آئی﴾ نے ایک بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیم انڈیا کا یہ کیریبین دورہ جون کے آخر سے شروع ہوکر جولائی تک چلے گا۔ واضح رہے کہ ٹیم انڈیا کا یہ دو سال میں دوسرا ویسٹ انڈیز کا دورہ ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 18جون کو ہوگا جبکہ ہندستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 23جون کو ٹرینیڈاڈ میں ہوگا۔ سیریز کا آخری ون ڈے سبینا پارک میں چھ جولائی کو ہوگا اور یہیں پر دورے کا واحد ٹوئنٹی -20میچ 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان 2013 کے بعد سے یہ چوتھی دو طرفہ سیریز ہوگی۔ گزشتہ سال ہندستانی ٹیم ویسٹ انڈیز گئی تھی لیکن وہاں اس نے ٹیسٹ اور ٹوئنٹی -20 میچ کھیلے تھے لیکن ایک روزہ مقابلہ نہیں ہوا تھا۔

تبصرے