اٹالین اوپن:جوکووچ نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی اعصام الحق اٹالین اوپن کے مینز ڈبلز پری کوارٹرفائنل میں داخل،ماریا شراپوا اہم میچ میں انجرڈ، ایونٹ سے باہر

17 مئ 2017 (06:03)

روماٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ڈیوڈ گوفن،نووک جوکووچ،ٹامس برڈیخ اور جان آئزنر نے لاسٹ 16 مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ نمبر نو سیڈ ڈیوڈ گوفن نے سپینش حریف فرنینڈو ورڈاسکو کیخلاف کامیابی یقینی بنائی،نمبر دو سیڈ سربیا کے نووک جوکووچ نے انگلینڈ کے الیاز بیدینے کو ، نمبر بارہ سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیخ نے ارجنٹائن کے کارلوس برلوک کو جبکہ امریکہ کے جان آئزنر نے جرمنی کے فلورین میئر کو ہرا کرپری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے نمبر دس سیڈ بلغاریہ کے گریگور ڈیمٹروف کو ٹھکانے لگا دیا،اسی ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں نمبر پانچ سیڈ برطانوی پلیئر جوہانا کونٹا نے قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا کو زیر کر کے پری کوارٹر فائنل میں نشست پکی کرلی۔ روس کی ایکٹرینا ماکارووا نے اٹلی کی رابرٹا ونچی ،امریکہ کی کیتھرین بیلس نے جاپان کی میساکی ڈوئی ،ایسٹونیا کی الیکس کونٹاویٹ نے جرمنی کی اینڈریا پیٹکووچ اور آسٹریلیا کی ڈاریا گیوریلووا نے امریکی حریف میڈیسن کیز کو شکست دیدی۔ورلڈ نمبر ون اینڈی مرے کو اٹلی اوپن ٹورنامنٹ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایونٹ سے باہر ہو گئے ۔ اٹلی کے فیبیو فوگ نینی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک کو اسٹریٹ سیٹ میں ہرایا۔ شائقین نے اچھے کھیل پر فاتح کھلاڑی کو خوب داد دی۔ ادھر پندرہ ماہ کی پابندی کے بعد روسی ٹینس اسٹار کو مسلسل تیسرے ٹورنامنٹ میں ناکامی کا سامنا ہے۔ ماریا شراپوا کو اٹالین اوپن کے اہم میچ میں انجرڈ ہو کر میچ اور ٹورنامنٹ دونوں سے دستبردار ہونا پڑا۔ اس کے ساتھ شراپوا کی ومبلڈن اوپن تک ڈائریکٹ رسائی بھی ناممکن ہو گئی ہے۔ دوسری طرف پیرس میں رواں ماہ شروع ہونے والے فرانس اوپن کے آفیشلز نے ماریا شراپوا کو وائلڈ کارڈ انٹری دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق اور ان کے رومانیہ کے پارٹنر فلورین میرگیا اٹالین اوپن کے مینز ڈبلز پری کوارٹرفائنل میں پہنچ گئے۔ انہوں نے لاسٹ 32 مرحلے کے میچ میں جرمنی کے ٹامی ہاس اور بیلاروس کے میکس میرنی کیخلاف آسان کامیابی حاصل کی۔ لاسٹ 16 راؤنڈ میں اعصام الحق اور فلورین میرگیا کا سامنا نمبر پانچ سیڈ جوڑی لوکاس کوبوٹ اور مارسیلو میلو سے ہوگا۔

تبصرے