’ہندوستان چھوڑو تحریک‘ کی 75ویں سالگرہ پر سوشلسٹوں کی ریلی

08 اگست 2017

نئی دہلی/یو این آئی/ ہندوستان چھوڑو تحریک کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر سوشلسٹ پارٹی نے نو اگست کو قومی دارالحکومت میں آئین مخالف عناصر اقتدار چھوڑو ریلی کا انعقاد کیا ہے ۔ سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر پریم سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ آج سے 75سال قبل مشرقی ممبئی کے اگست کرانتی میدان سے بھارت چھوڑو تحریک کا آغاز ہوا تھا جس میں جے پرکاش نارائن، رام منوہر لوہیا ، یوسف مہر علی ، اشوک مہتہ جیسے متعدد سوشلسٹ رہنماویں نے حصہ لیا تھا۔ اس وقت انگریزوں کو ملک سے بھگانا اس کا مقصد تھا ۔ آج ہمارا مقصد آئین مخالف طاقتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے اسلئے ہم نے اس ریلی کا انعقاد کیا ہے ۔ معروف صحافی اور سماجی کارکن کلدیپ نیر اس ریلی کو جھنڈی دکھائیں گے اور انسانی حقوق کے معروف کارکن اور سابق جج جسٹس راجندر سچر اس ریلی سے خطاب کریں گے ۔ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ آج سیکولرازم’سوشلزم اور جمہوری قدریں خطرے میں ہیں اور اقتدار پر بیٹھی طاقتیں ان قدروں کو پامال کررہی ہیں۔ اسلئے ہندوستان چھوڑو کی 75ویں سالگرہ پر ان عناصر کو اقتدار سے باہر کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لوہیا جی9اگست کو ہی اصلی آزادی کا دن مناتے تھے کیوں کہ یہ عوام کی تحریک تھی جب کہ 15اگست کو وہ ہندوستانی ریاست کی آزادی کا دن مناتے تھے ۔ڈاکٹر سنگھ اگست کرانتی جے پی اور لوہیا کے موضوع پر کل ایک لکچر بھی دیں گے ۔ اس موقع پر ان کی کتاب اگست کرانتی اور ہندوستان کا حکمراں طبقہ کا اجرائ بھی کیا جائے گا۔

تبصرے