شمال مشرق کا زیادہ تر حصہ انتہاپسندی سے آزاد:راج ناتھ

16 مئ 2017 (05:44)

نئی دہلییو این آئی مرکز ی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں سیکورٹی کی صورت حال میں قابل ذکر سدھار ہوا ہے اور اس خطے کا بیشتر حصہ انتہاپسندی سے آزاد ہوچکا ہے ۔مسٹر سنگھ نے کل یہاں شمال مشرقی علاقے سے متعلق امور پر میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ میٹنگ میں شمال مشرقی خطہ ترقیات کے وزیر مملکت جتیندر سنگھ ، داخلہ کے وزیر مملکت کرن رجیجو ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال اور مرکزی حکومت اور شمال مشرقی ریاستوں کے افسران موجود تھے ۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ میں غیر قانونی ہتھیاروں کا پھیلاو بڑی تیزی سے بڑھا ہے ۔ حالانکہ ا س خطے کا بڑا حصہ انتہاپسندی سے آزاد ہوچکا ہے لیکن اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیاروں کی موجودگی کی وجہ سے جرائم کی تعداد زیادہ ہے ۔ انہوں نے شمال مشرق کے تمام ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر قانونی ہتھیاروں کے تاجروں اور انہیں رکھنے والے لوگوں کے خلاف منظم مہم چلائیں۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ انتہاپسندی کے خلاف موثر پالیسی، ترقی رخی منصوبوں اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی وجہ سے حالات میں کافی سدھار ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں اگر مسلح گروہ انتہاپسندی کی آڑ لے کر وصولی اور اغوا جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور سرحدوں سے غیر قانونی ہتھیاروں ، منشیات اور جعلی ہندوستانی کرنسی کی اسمگلنگ ہوتی ہے ۔

تبصرے